ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کوالیفائر، پاکستان نے میدان مار لیا

ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کوالیفائر، پاکستان نے میدان مار لیا

Sep 23, 2026|ویب ڈیسک



عمان میں منعقدہ انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستانی دستے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔


قومی ٹیم نے شاندار نیزہ بازی اور گھڑ سواری کی مہارت کی بدولت مجموعی طور پر 455 پوائنٹس حاصل کیے اور ایونٹ میں 6 طلائی، 5 چاندی اور 2 کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 13 میڈلز اپنے نام کیے۔ اس فتح کی بدولت پاکستان نے اردن میں شیڈول 5 ویں انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے لیے باقاعدہ کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں قومی ٹیم ملکی نمائندگی کرے گی۔


شائقین اور تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ شاندار فتح ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے گھڑ سواروں، کوچز اور معاون عملے کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، جس سے ملک میں نیزہ بازی کے روایتی کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔