ٹانک میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر حملہ، 3 اہلکار شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں نے ٹریفک پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں تین اہلکار شہید ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں پیش آیا، جہاں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے معمول کے فرائض پر مامور ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر اچانک فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں گاڑی میں موجود تینوں اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل گل آمین، کانسٹیبل سلیم شاہ اور کانسٹیبل فیاض کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس مقامی سطح پر بھرتی کی گئی فورس ہے جو شہریوں کی خدمت اور ٹریفک کنٹرول کے فرائض انجام دیتی ہے۔
اس بزدلانہ حملے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ اور افسردگی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ شہریوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکامی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔