پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کیلئے سپارکو نے نیا پورٹل متعارف کرا دیا

پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کیلئے سپارکو نے نیا پورٹل متعارف کرا دیا

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد :پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن سے متعلق عوام کو معلومات فراہم کرنے کے لیے پاکستان خلائی و بالائی فضائی تحقیقی کمیشن (سپارکو) نے سپارکو مشن ہب کے نام سے ایک نیا آن لائن پورٹل متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے شہری مشن کی تیاریوں اور مختلف سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات حاصل کر سکیں گے۔سپارکو کے مطابق شہری انٹرنیٹ پتے astronaut.suparco.gov.pk کے ذریعے اس پورٹل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر موجود خصوصی مشن ڈیش بورڈ کے ذریعے خلائی اسٹیشن کے مختلف ماڈیولز، مشن کے مراحل، شیڈول اور روانگی کے لیے الٹی گنتی سے متعلق معلومات دیکھی جا سکتی ہیں۔پورٹل کی ایک دلچسپ سہولت یہ ہے کہ شہری اپنا نام، شہر اور دیگر ضروری تفصیلات درج کرکے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے لیے خصوصی بورڈنگ پاس تیار کر سکتے ہیں۔ صارفین اس بورڈنگ پاس کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے ساتھ دوسروں کے ساتھ شیئر بھی کر سکیں گے۔سپارکو مشن ہب پر خلائی اسٹیشن کی براہ راست نقل و حرکت دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس کے ذریعے شہری اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں کے اوپر سے خلائی اسٹیشن کے گزرنے کے متوقع اوقات معلوم کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ شہری پورٹل کے ذریعے مشن کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پیغامات کا اظہار بھی کر سکیں گے، جبکہ خلائی مشن سے متعلق ویڈیوز، تازہ معلومات اور دیگر تفصیلات بھی اس پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔سپارکو کی جانب سے اس اقدام کا مقصد پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانا اور شہریوں کو ملک کے خلائی پروگرام سے براہ راست منسلک ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔