بلوچستان حکومت سے کامیاب مذاکرات: کسان اتحاد کا لانگ مارچ مؤخر
کوئٹہ: پاکستان کسان اتحاد نے بلوچستان حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اسلام آباد کی جانب مجوزہ لانگ مارچ اور دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق صوبائی وزیر علی مدد جتک کی سربراہی میں حکومتی وفد نے کسان اتحاد کے صدر خالد بَھٹ سے اہم ملاقات کی، جس میں رکن صوبائی اسمبلی میر جہانزیب مینگل بھی شریک تھے۔ مذاکرات کے دوران حکومتی وفد نے کسان اتحاد کی قیادت کو ان کے تمام جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی باقاعدہ یقین دہانی کرائی۔
بابر یوسفزئی نے بتایا کہ کسان اتحاد کے صدر خالد بھٹ نے حکومتی درخواست اور یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیشِ نظر لانگ مارچ اور دھرنا مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مذاکرات مثبت اور تعمیری پیش رفت کی طرف اہم قدم ہیں اور بلوچستان حکومت کسان برادری کے مسائل کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات جاری رکھے گی۔