آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ، شہباز شریف

آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ، شہباز شریف

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے اہم ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے فنڈ کے تعاون سے جاری معاشی اصلاحاتی پروگرام پر مکمل عملدرآمد کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مثبت و تعمیری تعلقات کو مستحکم بنانے میں کرسٹالینا جارجیوا کے کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرونی مہنگائی اور علاقائی کشیدگی کے دباؤ کے باوجود پاکستان نے محتاط مالیاتی و زری پالیسیوں کے ذریعے معاشی بحالی کا راستہ ہموار کیا ہے۔ انہوں نے مالیاتی نظم و ضبط، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور سرمایہ کاروں کے بحال ہوتے اعتماد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی، محصولات میں اضافے اور نجکاری کے عمل میں پیش رفت حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا واضح ثبوت ہے، جبکہ اس عمل میں کمزور طبقات کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے معاشی استحکام کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات اور اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان پالیسیوں کے ٹھوس اور مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے آئندہ پروگرام کے جائزے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر برائے نجکاری محمد علی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے