شہباز شریف کی ڈاکٹر مصدق ملک کو بہترین سفارتی کردار پر شاباش

شہباز شریف کی ڈاکٹر مصدق ملک کو بہترین سفارتی کردار پر شاباش

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کی دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیرِ اعظم سے ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر نے انہیں اپنے حالیہ دورہ بھارت اور تہذیبی مکالمے میں شرکت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے تہذیبی مکالمے کے دوران پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے خطے کی تاریخ اور زمینی حقائق کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کے اندازِ بیان اور اردو زبان پر عبور کی بھی تعریف کی۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے تحمل، سنجیدگی اور فکری وضاحت کے ساتھ اپنا مؤقف پیش کرکے خطے میں پاکستان کے مثبت تشخص اور بہتر تاثر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے بقول اس طرزِ سفارتکاری نے پاکستان کی نمائندگی کے لیے ایک قابلِ تحسین معیار قائم کیا ہے۔ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے عالمی اور علاقائی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔