میر علی اور اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 43 خوارج ہلاک
راولپنڈی، سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور خوارج کے نیٹ ورکس کو تباہ کرنے کے لیے خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ مزید وسیع کردیا ہے، جس کے تحت میر علی اور اورکزئی کے علاقوں میں بھی آپریشنز کیے گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں میر علی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے،
جبکہ اورکزئی میں مزید 8 خوارج کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔ ان کارروائیوں سے علاقے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ترجمان کے مطابق علاقوں کی تلاشی اور صفائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور بارودی آلات بھی برآمد کیے گئے، جس سے دہشت گردوں کے ان مواد کو تخریبی کارروائیوں میں استعمال کرنے کے منصوبے ناکام بنا دیے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں موجود باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے قومی لائحہ عمل کے تحت شروع کیا گیا آپریشن عزم استحکام بھی پوری رفتار سے جاری رہے گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔