افغانستان میں سیکیورٹی بحران شدید، بدخشاں میں طالبان پر مسلح حملہ
Sep 29, 2026|ویب ڈیسک
افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال سنگین رخ اختیار کرتی جا رہی ہے جہاں طالبان مخالف مسلح گروپوں کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں طالبان مخالف مزاحمتی تنظیم ’افغانستان فریڈم فرنٹ‘ نے صوبہ بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد میں طالبان اہلکاروں پر مسلح حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
افغانستان فریڈم فرنٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق تنظیم کے جنگجوؤں نے صبح پونے 10 بجے فیض آباد میں محکمہ معدنیات کے قریب طالبان اہلکاروں کی گاڑی کو گھات لگا کر نشانہ بنایا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 طالبان اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ افغانستان فریڈم فرنٹ نے مزید دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران ان کا کوئی جنگجو نشانہ نہیں بنا اور تمام ارکان کامیابی سے اپنے محفوظ ٹھکانوں پر منتقل ہو گئے۔