قلعہ سیف اللہ: 85 کروڑ کے   53  ترقیاتی منصوبے مکمل

قلعہ سیف اللہ: 85 کروڑ کے 53 ترقیاتی منصوبے مکمل

Sep 23, 2026|ویب ڈیسک

: قلعہ سیف اللہ: 85 کروڑ کے 53 ترقیاتی منصوبے مکمل



بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت صوبے بھر میں عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، جن کے تحت ضلع قلعہ سیف اللہ میں فیز ون اور فیز ٹو کے مجموعی طور پر 53 ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کر لیے گئے ہیں۔


سرکاری ذرائع کے مطابق، قلعہ سیف اللہ میں مکمل کیے گئے ان 53 منصوبوں پر 85 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ ان فلاحی منصوبوں میں سڑکوں کا جال بچھانے، شمسی توانائی کی فراہمی (سولرائزیشن)، پینے کے صاف پانی کی ترسیل، سیلابی کٹاؤ سے بچاؤ کے لیے حفاظتی بند، سیوریج نظام کی بہتری اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔


منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل کو ممکن بنانے کے لیے ایف سی بلوچستان (نارتھ)، سول انتظامیہ اور منتخب بلدیاتی و عوامی نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی نے تمام تر نگرانی کے فرائض انجام دیے۔ قلعہ سیف اللہ کے شہریوں نے منصوبوں کی تکمیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پسماندہ علاقوں کی ترقی، معاشی بہتری اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے سنگ میل قرار دیا ہے