پاک آرمی کے ڈاکٹروں کا کارنامہ، نوجوان کی کامیاب برین سرجری
پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال گوادر میں پاک فوج کی میڈیکل ٹیم نے پیچیدہ اور کامیاب برین سرجری انجام دے کر ایک 17 سالہ نوجوان کی جان بچا لی۔
طبی ذرائع کے مطابق گوادر کا رہائشی نوجوان سلمان ٹریفک حادثے میں سر پر گہری چوٹیں آنے کے باعث شدید زخمی ہو گیا تھا، جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پاک آرمی کے ماہر ڈاکٹروں اور سرجنز پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے دور دراز علاقے میں محدود طبی وسائل اور آلات کے باوجود انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوان کا ہنگامی بنیادوں پر کامیاب آپریشن کیا۔
بروقت اور کامیاب سرجری کے بعد مریض کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ نوجوان سلمان کے اہلِ خانہ نے اپنے پیارے کی زندگی بچانے پر پاک آرمی کی میڈیکل ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور گوادر کے عوام کے لیے پاک فوج کی بروقت طبی خدمات اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔