پاکستان اور یورپی یونین کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان دیر لیین سے ملاقات کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم نے ملاقات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جانب سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کا جائزہ لیا گیا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی تجارت، معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے یورپی یونین کے 'جی ایس پی پلس' اسٹیٹس کی غیر معمولی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس اہم فریم ورک کے تحت یورپی یونین کے ساتھ مسلسل رابطے اور شراکت داری کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جہاں فریقین نے تنازعات کے پرامن حل، سفارت کاری، باہمی بات چیت اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے دونوں یورپی رہنماؤں کو دورۂ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور یورپی یونین کی باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرامید ہیں