بیرون ملک مقیم باصلاحیت نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں، وزیراعظم

بیرون ملک مقیم باصلاحیت نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں، وزیراعظم

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورۂ امریکہ کے دوران نیویارک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور نوجوانوں کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، جن میں ملکی ترقی، آئی ٹی اور جدید تعلیم کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی نوجوانوں کے وفد میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سماجی انٹرپرینیورز اور یوتھ این جی اوز کے سربراہان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت پروفیشنلز شریک تھے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی اور اصلاحات کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے اور عملی تجاویز دینے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تارکینِ وطن نوجوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں اور یہ ان کا پختہ یقین ہے کہ ملک کی تقدیر صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ملک بھر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے آئی ٹی، اے آئی اور جدید ہنر کی فراہمی کے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بطور خادمِ پنجاب باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، وظائف کی فراہمی اور پسماندہ طبقات کے بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے مفت معیاری تعلیم دینے کا جو سفر شروع کیا گیا تھا، وہ آج بطور خادمِ پاکستان بھی بدستور جاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دانش اسکولوں کے بعد اب طلبہ کے لیے عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔

وفد میں شامل نوجوانوں نے آئی ٹی، تعلیم اور کاروبار میں آسانیوں کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملاقاتوں میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان احمد شیخ، وزیراعظم کے بین الاقوامی میڈیا ترجمان مشرف زیدی، چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا اور ایم ڈی اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے