شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

پشاور: خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد ٹھکانے مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ کارروائی کے بعد ہلاک خارجیوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کر لیا گیا۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فورسز سے بچنے کے لیے مسجد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی بزدلانہ کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مسجد کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے صرف خارجیوں کو نشانہ بنایا اور ان کی مذموم کوشش ناکام بنا دی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور فورسز صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں