بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کیلئے اسلام آباد میں قومی مکالمہ
**اسلام آباد (سٹاف رپورٹر):** بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کو یقینی بنانے اور آن لائن خطرات کی روک تھام کے لیے چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور وزارتِ انسانی حقوق کے زیرِ اہتمام وفاقی دارالحکومت میں ایک روزہ قومی و بین الاقوامی پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ انٹرنیٹ جہاں نئی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، وہیں یہ سائبر کرائمز، ہراسانی اور استحصال جیسے سنگین خدشات کا باعث بھی بن رہا ہے جن کا بروقت سدباب ناگزیر ہے۔
اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے بچوں کے لیے ایک محفوظ، شفاف اور سازگار ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل پر زور دیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پنجاب اسمبلی نے بچوں کے آن لائن تحفظ سے متعلق متفقہ قرارداد منظور کر کے وفاقی حکومت کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اس اہم قومی مسئلے پر ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔