بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 14 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 14 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

Jun 10, 2026|ویب ڈیسک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 14 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید


کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بسیمہ کے علاقے نال میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس حوالدار محمد عباس جامِ شہادت نوش کر گئے۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 جون کو سیکیورٹی اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نال کے علاقے میں موجود ہیں اور قریبی پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔


اطلاع موصول ہوتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) شروع کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر انداز میں روکا گیا اور انہیں نشانہ بنایا گیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال چار گاڑیاں اور بارودی مواد (IEDs) بھی تباہ کر دیا گیا۔


بیان کے مطابق آپریشن کے دوران لانس حوالدار محمد عباس نے انتہائی بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔


آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔


بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری


واضح رہے کہ 5 جون کو بھی سیکیورٹی فورسز نے ضلع پنجگور میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ اس سے قبل مئی کے آخری ہفتے میں مستونگ، نوشکی، خضدار اور کیچ میں مختلف کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گرد مارے گئے تھے۔


حکام کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز کی انسداد دہشت گردی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔