: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے رخشان ڈویژن میں معدنیات کے شعبے کی سیکیورٹی یقینی بنانے اور خصوصی سیکیورٹی کوریڈور قائم کرنے کے لیے فرنٹیئر کور (FC) کی تعیناتی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد بلوچستان میں اہم معدنیاتی منصوبوں خصوصاً ریکوڈک منصوبے کے تحفظ کو یقینی بنانا، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کرنا اور معدنی وسائل کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے بہتر اقدامات سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کے معدنیاتی شعبے کی طویل المدتی ترقی میں مدد ملے گی۔
حکومت بلوچستان کے معدنی وسائل کو ملک کے معاشی مستقبل کے لیے انتہائی اہم قرار دیتی ہے اور صوبے میں اسٹریٹجک منصوبوں کے اطراف سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔