اسلام آباد: سعودی عرب کے قومی دن پر تقریب، لازوال دوستی کا اعادہ

اسلام آباد: سعودی عرب کے قومی دن پر تقریب، لازوال دوستی کا اعادہ

Sep 25, 2026|ویب ڈیسک

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا بھرپور اظہار دیکھنے میں آیا۔ تقریب میں وفاقی وزراء، سفارت کاروں، مذہبی اسکالرز اور اہم قومی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک سعودی تعلقات تاریخی، مضبوط اور ناقابل شکست ہیں، جبکہ باہمی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے برادرانہ رشتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر پاکستانی کے لیے سب سے مقدم ہے اور سعودی عرب پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے۔


اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سعودی ناظم الامور نایف بن حمود بن ملافخ نے بھی دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔


تقریب کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور سعودی عرب کی ترقی کے سفر پر دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ پاک سعودی دوستی کے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی دھنوں پر مشتمل میوزیکل فیوژن کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ تقریب میں اردو اور عربی کا مشترکہ نغمہ "ایک دوجے کے دل اور جان، سعودیہ پاکستان" شرکاء کی خصوصی توجہ اور داد کا مرکز بنا رہا۔