پاکستانی انویسٹمنٹ بانڈز میں خلیجی ممالک کی بھاری سرمایہ کاری
**کراچی:** خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) خلیجی سرمایہ کاروں کی توجہ کا خاص مرکز بن گئے ہیں، جہاں صرف ستمبر کے ابتدائی 25 دنوں کے دوران 129.8 ملین ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس دوران متحدہ عرب امارات نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں 110 ملین ڈالر جبکہ بحرین نے 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ ستمبر کے دوران فکسڈ ریٹ پی آئی بیز پر شرح منافع تقریباً 12.4 سے 12.5 فیصد کی پرکشش سطح پر رہی، جس نے بیرونی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 203.7 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق خطے کی جغرافیائی و معاشی غیر یقینی کے ماحول میں پاکستان خلیجی سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ منافع بخش متبادل مارکیٹ کے طور پر ابھرا ہے۔ خلیجی سرمایہ کاری میں یہ نمایاں اضافہ ملک میں غیر ملکی سرمائے کی نئی راہیں کھولنے اور مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔