غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افغان باشندوں کیخلاف عالمی کریک ڈاؤن
:** دنیا کے مختلف ممالک میں غیر قانونی مقیم، سنگین جرائم اور بدامنی پھیلانے والے افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آ گئی ہے، جس کے تحت متعدد ممالک نے ان کی گرفتاریوں اور ملک بدری کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔
افغان خبر رساں ادارے 'طلوع نیوز' کے مطابق، ترکیہ میں گزشتہ نو ماہ کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 29 ہزار 700 سے زائد افغان شہریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب فرانس نے بھی امن و امان کے لیے خطرہ بننے والے غیر قانونی افغان باشندوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ یورپی یونین کے متعدد دیگر رکن ممالک پہلے ہی ایسے افراد کو اپنے علاقوں سے نکال چکے ہیں۔
میزبان ممالک کے مطابق سنگین جرائم اور مجرمانہ نیٹ ورکس میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے باعث مقامی امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ مختلف ریاستوں کی جانب سے ویزا پابندیاں اور ملک بدری کی حالیہ سخت کارروائیاں ان غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کے لیے عمل میں لائی جا رہی ہیں۔