فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ
میران شاہ (آئی ایس پی آر) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا۔میران شاہ پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران انہیں علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جاری کارروائیوں اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں علاقے میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاری اور وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس فورس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صوبائی پولیس کو دہشت گردی کے خلاف اگلے محاذ پر ڈٹی ہوئی ایک بہادر فورس قرار دیا اور دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف اس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا فیصلہ کن خاتمہ کریں گی اور خیبر پختونخوا میں بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کا تحفظ یقینی بنائیں گی۔میران شاہ آمد پر کمانڈر پشاور کور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔