ایف بی آئی کی انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست جاری، بشنوئی گینگ کا کارندہ شامل
اشنگٹن: امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے بدنام زمانہ بھارتی جرائم پیشہ گینگ کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے انتہائی مطلوب ملزمان کی نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ ادارے نے منظم جرائم اور سرحد پار دہشت گردی میں ملوث بھارتی نژاد ستیندرجیت سنگھ کو ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں اشتہاری قرار دیا ہے۔
ایف بی آئی کے مطابق ستیندرجیت سنگھ بھارت کے متحرک لارنس بشنوئی منظم جرائم گروہ سے وابستہ ہے اور اس وقت ممکنہ طور پر کیلیفورنیا یا کینیڈا میں روپوش ہے۔ تفتیشی ادارے نے متنبہ کیا ہے کہ مطلوب بھارتی شہری انتہائی پرتشدد، مسلح اور خطرناک ہے، جس کی جلد از جلد گرفتاری ایف بی آئی اور عالمی شراکت دار اداروں کی اولین ترجیح بن چکی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بشنوئی گینگ اور ستیندرجیت سنگھ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے منصوبے میں بھی ملوث رہے ہیں، جبکہ یہ نیٹ ورک بیرونِ ملک مقیم نمایاں بھارتی شخصیات کو کھلے عام ٹارگٹ کلنگ کی دھمکیاں دینے میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کینیڈین حکومت ستمبر 2025 میں بشنوئی گینگ کو باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دے چکی ہے۔ دوسری جانب امریکا، کینیڈا اور یورپی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کریک ڈاؤن کے دوران اب تک اس بین الاقوامی بھارتی گینگ کے 24 کارندوں کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ دیگر مفرور ارکان کی تلاش جاری ہے۔