معاشی بحالی: نئے کاروباری رجسٹریشنز میں تاریخی اضافہ، SECP کے اعداد و شمار نے کاروباری اعتماد بحال ہونے کی تصدیق کر دی
تین ماہ میں 10 ہزار 500 سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹر، غیر ملکی سرمایہ کاری اور کیپٹل مارکیٹ میں نمایاں بہتری
اسلام آباد: بہتر ہوتے کاروباری ماحول اور مؤثر ریگولیٹری اصلاحات کے باعث پاکستان کے کارپوریٹ شعبے میں سرمایہ کاری اور نئی کمپنیوں کے قیام میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فروری سے اپریل 2026 کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار 511 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہی ماہ میں 4 ہزار 82 کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی، جو SECP کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
ریگولیٹری اصلاحات سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ
SECP کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت جبین نے اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن سرمایہ کاری کے عمل کو آسان اور مالیاتی نظام کو جدید بنانے کے لیے تیز رفتار اصلاحات نافذ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے باعث دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔
22 سے زائد ممالک کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں نئی کمپنیاں قائم کیں، جبکہ غیر ملکی شیئر ہولڈنگ رکھنے والی 220 کمپنیوں کے ادا شدہ سرمایہ میں 218 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو بڑھ کر 882 ملین روپے تک پہنچ گیا۔
کیپٹل مارکیٹ اور IPOs میں مثبت رجحان
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ سبزواری نے کہا کہ SECP کی نگرانی میں کیپٹل مارکیٹ میں لسٹنگ کا عمل مضبوط انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ آئندہ 12 ماہ کے دوران 10 سے 12 نئی ابتدائی پبلک آفرنگز (IPOs) مارکیٹ میں متعارف کرائی جائیں گی۔
مرکزی ڈپازٹری کمپنی (CDC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر نے بھی پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کو ایشیا اور دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں شامل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سے تین سال میں فعال سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کمپنی رجسٹریشنز اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کی ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار معاشی ترقی کی جانب ایک مثبت اشارہ ہے۔