یومِ دفاع و شہداء: کوئٹہ اور گوادر سمیت بلوچستان بھر میں پروقار تقریبات، شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت
• کوئٹہ سے گوادر تک یومِ دفاع کی تقریبات، بلوچستان کے عوام کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی
• یومِ دفاع: بلوچستان کے مختلف شہروں میں یادگارِ شہداء پر حاضری، سول و عسکری حکام اور شہریوں کی بھرپور شرکت
کوئٹہ: یومِ دفاع و شہداء کے پرمسرت موقع پر کوئٹہ اور گوادر سمیت بلوچستان بھر میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں ملکی دفاع کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، گوادر، چمن، ژوب، سبی، لورالائی اور ڈیرہ مراد جمالی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں یومِ دفاع کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔ اس کے علاوہ قلعہ سیف اللہ، کوہلو، بارکھان، سوئی، صحبت پور، لہڑی، جھل مگسی اور گنداواہ میں بھی شہداء کی یاد میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ان تمام تقریبات میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یومِ دفاع کی مناسبت سے ساحلی شہر گوادر کی شاہراہوں کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا، جہاں آویزاں کیے گئے بینرز پر قومی عزم، استقامت، شجاعت اور قربانی کے پیغامات درج تھے۔
تقریبات کے دوران پاک فوج کے افسران، جوانوں اور مقامی شہریوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر بلوچستان کے عوام نے حب الوطنی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور ملکی دفاع و سلامتی کے لیے شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔