تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، سی ٹی ڈی اہلکار جاں بحق
تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تربت کے علاقے دشتی بازار میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے اہلکار کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی لاش قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کر دی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی تربت میں لیڈی کانسٹیبل شکیلہ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ وہ اپنے شوہر اور بچے کے ہمراہ موٹر سائیکل پر عدالت ڈیوٹی کے لیے جا رہی تھیں کہ اپسر ریسرچ فارم کے قریب حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں شکیلہ موقع پر جاں بحق جبکہ ان کے شوہر اور بچہ زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب اپریل کے آخر میں صوبے کے کچھی اور نوشکی اضلاع میں دو پولیس اسٹیشنوں پر حملوں کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ڈھاڈر پولیس اسٹیشن پر راکٹ اور گرینیڈ سے حملہ کیا تھا، جس پر پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔