کراچی، حیدرآباد ءُ لاڑکانہ ءِ انتظامی تقسیم ءِ مطالبہ زور پکڑگ
سندھ کے بڑے شہروں کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ کے شہریوں نے بنیادی سہولیات کے فقدان اور بڑھتی ہوئی محرومیوں کے خاتمے کے لیے نئے صوبوں کے قیام کو ناگزیر حل قرار دے دیا ہے۔
شہریوں نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کراچی میں پینے کا پانی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کا شدید بحران ہے جس سے ہر شہری بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ مسائل سے نالاں شہریوں کا مطالبہ ہے کہ معاشی حب کراچی کو یا تو الگ صوبہ بنایا جائے یا پھر براہِ راست وفاق کے انتظامی کنٹرول میں دیا جائے۔
اسی طرح لاڑکانہ کے رہائشیوں کا مؤقف ہے کہ شہر میں ترقیاتی کام محض کاغذی دعووں تک محدود ہیں اور زمینی سطح پر کوئی مثبت تبدیلی نظر نہیں آتی۔ دوسری جانب حیدرآباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ خطیر بجٹ اور اربوں روپے کے فنڈز کے باوجود عوام پینے کے صاف پانی تک سے محروم ہیں۔
بنیادی مسائل پر عوام میں پائی جانے والی شدید بے چینی نے اس بحث کو تیز کر دیا ہے کہ بہتر طرزِ حکمرانی اور مسائل کے مستقل حل کے لیے بڑے صوبوں کو انتظامی بنیادوں پر تقسیم کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے