لوچستان میں خواتین کے لیے پہلے انٹرپرینیورشپ اے آئی لیب کا آغاز
کوئٹہ: خواتین کو بااختیار بنانے، ڈیجیٹل شمولیت اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے بلوچستان میں خواتین کے لیے پہلی “انٹرپرینیورشپ اے آئی لیب” کا افتتاح کر دیا گیا۔
اے آئی لیب کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلوچ نے ویمن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور DOCH پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے کیا۔
اس منصوبے کا مقصد خواتین کو مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل اسکلز، کاروباری صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مالی طور پر خودمختار بن سکیں اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہیں اور حکومت انہیں جدید ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف تعلیم کافی نہیں بلکہ خواتین کو ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری مواقع تک رسائی بھی حاصل ہونی چاہیے۔
حکام کے مطابق اے آئی لیب خواتین کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل انوویشن، فری لانسنگ اور آن لائن کاروبار کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گی جبکہ ٹیکنالوجی پر مبنی کیریئرز کے لیے بھی تیار کرے گی۔
اس منصوبے سے صوبے بھر کی خواتین کے لیے روزگار، اسٹارٹ اپس، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔