بلوچستان میں ایمرجنسی ایمبولینس سروس جدید خطوط پر استوار، نو گاڑیاں شامل

بلوچستان میں ایمرجنسی ایمبولینس سروس جدید خطوط پر استوار، نو گاڑیاں شامل

Sep 15, 2026|ویب ڈیسک

میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر کے بیڑے میں جدید ایمبولینسز کا اضافہ


بلوچستان حکومت نے صوبے میں ہنگامی طبی سہولیات کو جدید بنانے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر (ایم ای آر سی) 1122 کے بیڑے میں تمام تر جدید سہولیات سے لیس 9 نئی ایمبولینسز شامل کر دی ہیں۔ یہ نئی ایمبولینسز حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ناگہانی صورتحال کے دوران عوام کو بروقت اور فوری طبی امداد کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔


اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ ایمرجنسی رسپانس سافٹ ویئر کے نفاذ سے صوبہ بھر میں موجود ایمبولینسز کی ڈیجیٹل ٹریکنگ ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام کی بدولت حادثات کے متاثرین کو فوری ابتدائی طبی امداد دے کر قریبی طبی مراکز تک منتقلی کا عمل مزید مؤثر اور تیز رفتار بنایا جا رہا ہے۔


صوبائی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ بلوچستان بھر میں کام کرنے والی تمام ایمبولینسز کو جلد ایم ای آر سی 1122 کے مرکزی کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم سے منسلک کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ایمبولینس سروس کے رسپانس ٹائم میں واضح بہتری آئے گی، جبکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے رہائشیوں کو بھی ہنگامی طبی امداد شفاف اور بلاتعطل میسر آسکے گی