بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 33 بھارتی حمایت یافتہ خوارج جہنم واصل: آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ 'فتنہ الخوارج' اور 'فتنہ الہندوستان' کے خلاف سکیورٹی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں، جن میں 21 ستمبر 2026 سے اب تک 33 خوارج کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 11 خوارج مارے گئے۔
اس سے قبل 24 ستمبر کو آپریشن ’شعبان‘ کے تسلسل میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مزید ٹھکانے تباہ کیے تھے۔ اس کارروائی میں 5 خوارج جہنم واصل ہوئے، جس کے بعد 24 تاریخ تک ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہو گئی تھی۔ فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے سے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا ہمیشہ کے لیے قلع قمع کیا جا سکے۔