کوہاٹ میں پولیس آپریشن کے بعد حملہ، 18 خوارج ہلاک، 10 اہلکار شہید

کوہاٹ میں پولیس آپریشن کے بعد حملہ، 18 خوارج ہلاک، 10 اہلکار شہید

Nov 12, 2026|ویب ڈیسک

کوہاٹ: خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابو کچ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد پولیس پارٹی واپسی پر تھی کہ جرائم پیشہ عناصر کی ایما پر فتنہ الخوارج کے حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں پر دھاوا بول دیا۔پولیس جوانوں نے حملہ آوروں کا انتہائی بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 خوارج ہلاک ہوگئے، تاہم شدید مقابلے کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔حکام کے مطابق بیرونی قوتوں کی ایما پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج کے درمیان منظم روابط موجود ہیں۔یہ واقعہ ایک مرتبہ پھر ثابت کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کا دین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے جرائم پیشہ مافیاز کے ساتھ مل کر سرگرم عمل ہیں۔حکام نے واضح کیا کہ بیرونی پشت پناہی سے کام کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کے خلاف ہر ممکن کارروائی کی جائے گی۔ خوارج کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق خیبر پختونخوا، بالخصوص ضلع کوہاٹ سے تھا۔ ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔