آرمی چیف کا کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کی تعریف کرتے ہوئے ملک و قوم کے دفاع کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فارمیشنز کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسلح افواج، پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
اس موقع پر آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ مادرِ وطن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ کور ہیڈکوارٹرز پشاور آمد پر کمانڈر پشاور کور نے معزز مہمان کا استقبال کیا