ستمبر 1965 کی جنگ کا 18واں روز: پاک فوج کے کڑے وار جاری، بھارتی فضائیہ کا انبالہ بیس تباہ
ستمبر 1965 کی پاک بھارت جنگ کے 18ویں روز بھی دشمن افواج کو ہر محاذ پر پسپائی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ پاک فوج اور فضائیہ کی مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں بھارت کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اٹھارہویں روز تک مجموعی طور پر دشمن کے 453 ٹینک اور 106 جنگی طیارے تباہ کیے جا چکے تھے جبکہ 18 ٹینکوں کو قبضے میں لے لیا گیا تھا۔
جنگی محاذ کی تفصیلات کے مطابق، سیالکوٹ اور جموں سیکٹر میں پاکستانی افواج نے اپنا دباؤ برقرار رکھتے ہوئے دشمن کے مزید علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ واہگہ اور اٹاری سیکٹر میں مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاک فوج نے بھارت کے 7 ٹینک تباہ کیے اور 10 فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا۔ علاوہ ازیں، راجوڑی سیکٹر میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران 3 بھارتی سپاہی مارے گئے۔
پاکستانی توپ خانے نے کھیم کرن کے محاذ پر دشمن کے ٹھکانوں پر مسلسل گولہ باری جاری رکھی اور بھارت کی جانب سے کیے گئے 4 بڑے حملے ناکام بنا دیے۔ فازلکا، راجستھان اور اکھنور کے محاذوں پر بھی پاک فوج کی فتوحات کا سلسلہ جاری رہا جس نے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔
دوسری جانب، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کمال جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے اہم ترین اڈے 'انبالہ' پر کامیاب اسٹرائیک کی۔ اس تباہ کن حملے میں بھارت کے 4 کینبرا بمبار طیاروں سمیت اہم دفاعی تنصیبات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔