عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے کی کمی کی جارہی ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے پر آ جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر کی قیمت میں 67 روپے کمی کی جارہی ہے جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آجائے گی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ عوام نے مشکل صورتحال میں صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا،ان مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پرعوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ اپنے وسائل سے تیل کی قیمتوں میں جس قدر ہو سکا کمی لانے کی کوشش کی،وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے اور کفایت شعاری سے 129 ارب روپے بچائے، عوام کو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس نمایاں کمی سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہونے اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔