عالمی منڈیوں میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی پوزیشن مزید مضبوط
اسلام آباد: ملکی معیشت اور برآمدی شعبے میں ریڑھ کی ہڈی سمجھی جانے والی پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت نے بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات میں مسلسل مثبت رجحان پاکستان کے مضبوط صنعتی اور تجارتی شعبے کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران ملکی ٹیکسٹائل برآمدات 40 ملین ڈالر کے اضافے کے بعد 17 اعشاریہ 93 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔ برآمدات میں اضافے کا یہ تسلسل نئی مالی سال میں بھی برقرار رہا، جہاں مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ٹیکسٹائل و ملبوسات کی برآمدات میں 5 اعشاریہ 55 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے مجموعی برآمدی حجم 3 اعشاریہ 38 ارب ڈالر ہو گیا۔
ماہرین کے مطابق برآمدات میں یہ مسلسل پیش رفت اور صنعتی شعبے میں بڑھتی ہوئی سرگرمیاں نہ صرف ملکی تجارتی حجم میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں بلکہ اس سے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں بیرونی سرمایہ کاری اور برآمدات کے وسیع نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔