عالمی ٹیکنالوجی مقابلے میں پاکستان نے 11 ایوارڈز جیت لیے

عالمی ٹیکنالوجی مقابلے میں پاکستان نے 11 ایوارڈز جیت لیے

Oct 10, 2026|ویب ڈیسک

**اسلام آباد:** پاکستانی ٹیکنالوجی اداروں نے عالمی سطح پر ملکی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے بین الاقوامی ٹیکنالوجی ایونٹ میں 11 مختلف کیٹیگریز میں باوقار ایوارڈز اپنے نام کر لیے۔


پاکستانی ٹیک کمپنیوں نے یہ شاندار کامیابی انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں منعقدہ ایشین-اوشینین کمپیوٹنگ انڈسٹری آرگنائزیشن (ایسوکائیو) کے 'ڈیجیٹل اینڈ اے آئی ایوارڈز 2026' میں حاصل کی۔ اس بین الاقوامی مقابلے میں خطے کے 26 ممالک کی کمپنیوں اور اداروں نے حصہ لیا تھا۔


پاکستانی اداروں نے سائبر سیکیورٹی، صحت، تعلیم، زراعت اور مالیاتی خدمات (فن ٹیک) سمیت کلیدی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا کر یہ اعزازات حاصل کیے۔


پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب اے خان نے اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر اتنی بڑی تعداد میں ایوارڈز کا حصول پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی بے پناہ صلاحیتوں، جدت طرازی اور تکنیکی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔