مالدیپ ( سپورٹس ڈیسک) ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو تین صفر سے شکست دے کر 961 دن بعد بین الاقوامی فٹبال میں فتح کا مزہ چکھ لیا۔قومی ٹیم کی جانب سے عمر نواز، عبدالصمد ارشد اور ہارون حامد نے ایک، ایک گول اسکور کیا اور پاکستان کو شاندار کامیابی دلائی۔مالے میں کھیلے گئے میچ سے قبل پاکستان نے اپنے پہلے مقابلے میں بنگلادیش کے خلاف برابری حاصل کی تھی، جس کے باعث مالدیپ کے خلاف کامیابی قومی ٹیم کے لیے نہایت اہم بن گئی تھی۔میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔54ویں منٹ میں نوجوان فارورڈ عمر نواز نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی۔ یہ ان کا قومی ٹیم کی جانب سے دوسرا میچ تھا جبکہ پہلی مرتبہ انہیں ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا۔عمر نواز کی زندگی جدوجہد اور حوصلے کی ایک مثال ہے۔ ان کے بھائی حارث نواز 2014 کے آرمی پبلک سکول سانحے میں شہید ہوئے تھے جبکہ دوسرے بھائی احمد نواز اس حملے میں زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں خاندان برطانیہ منتقل ہوگیا جہاں عمر نواز نے فٹبال میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔میچ کے 84ویں منٹ میں عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول اسکور کرکے پاکستان کی برتری مستحکم کی، جبکہ صرف تین منٹ بعد ہارون حامد نے تیسرا گول کرکے کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔ یوں پاکستان نے مقابلہ تین صفر سے اپنے نام کر لیا۔یہ 1991 کے بعد مالدیپ کے خلاف پاکستان کی پہلی بین الاقوامی کامیابی ہے، جبکہ قومی ٹیم نے تقریباً تین برس سے زائد عرصے پر محیط فتوحات سے محرومی کا سلسلہ بھی ختم کر دیا۔پاکستان نے اس سے قبل اپنی آخری بین الاقوامی فتح 17 اکتوبر 2023 کو کمبوڈیا کے خلاف حاصل کی تھی۔قومی ٹیم ٹورنامنٹ کا آخری گروپ میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی، جبکہ ابتدائی دو ٹیموں میں جگہ برقرار رکھنے کی صورت میں پاکستان 10 جون کو فائنل میں شرکت کرے گا۔