پاکستان میں بدامنی: سابق بھارتی فوجی افسر کا اعترافِ جرم سامنے آگیا

پاکستان میں بدامنی: سابق بھارتی فوجی افسر کا اعترافِ جرم سامنے آگیا

Sep 22, 2026|ویب ڈیسک

یک اور سابق بھارتی فوجی افسر نے پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام پھیلانے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کا کھلا اعتراف کر لیا ہے، جس کے بعد مودی حکومت اور افغان طالبان رجیم کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے۔

سابق بھارتی فوجی افسر کرنل (ر) شیلندرہ سنگھ نے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران پاکستان مخالف بھارتی سرگرمیوں اور مذموم حکمت عملی کا پردہ چاک کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بھارت افغان سرزمین کو اپنے مقاصد کی تکمیل کے لیے پاکستان کے خلاف بھرپور انداز میں استعمال کرنا چاہتا ہے۔

کرنل (ر) شیلندرہ سنگھ نے بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی ترجیحات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کی ہمیشہ یہ خواہش اور کوشش رہی ہے کہ پاکستانی فوج کی بنیادی توجہ پاک افغان سرحد پر مرکوز رہے، تاکہ اس کی توانائیاں تقسیم ہوں۔

سابق بھارتی افسر کے مطابق مودی سرکار کی باقاعدہ حکمت عملی ہے کہ پاک فوج کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر گروہوں کے ساتھ الجھائے رکھا جائے، جبکہ اسی تناظر میں بلوچستان میں بی ایل اے جیسی دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کی جاتی ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی عسکری قیادت کے اس کھلے اعتراف سے یہ حقیقت مزید واضح ہو گئی ہے کہ نئی دہلی خطے میں دہشت گرد گروہوں اور افغان سرحد کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔