ہنگو میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ، 8 خارجی ہلاک، 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید
راولپنڈی: ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور فتنۃ الخوارج کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 بہادر افسران سمیت 6 اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 ستمبر 2026 کو ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کا بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج سے آمنا سامنا ہوا۔ فورسز کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 8 خارجی جہنم واصل کر دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق شدید جھڑپ کے دوران دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرنے والے 2 بہادر افسران، گوجرانوالہ کے 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق اور ضلع چکوال کے 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنے 4 جوانوں سمیت جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر غیر ملکی اسپانسرڈ خارجیوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ قومی ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔
ترجمان نے عزم دہرایا کہ بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیاں مادرِ وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں