منی پور میں پھر فسادات، 2 خواتین قتل؛ مودی سرکار حالات پر قابو پانے میں ناکام
نئی دہلی: بھارتی ریاست منی پور میں ایک بار پھر نسلی فسادات پھوٹ پڑے ہیں جہاں تازہ ہنگاموں میں دو خواتین کو قتل کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی حکومت علاقے میں انسانی حقوق کے تحفظ اور کشیدگی روکنے میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہی ہے۔
بھارتی اخبار ’دکن ہیرالڈ‘ کے مطابق، تازہ پرتشدد واقعات میں مسلح افراد نے دو کوکی خواتین کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور دو مکانات کو نذرِ آتش کر دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علاقے میں لگ بھگ چھ گھنٹے تک مسلح جھڑپ اور شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان تازہ فسادات کے بعد متعدد دیہاتی لاپتہ ہو گئے ہیں۔
دکن ہیرالڈ کے اعداد و شمار کے مطابق، منی پور میں میتی اور کوکی برادریوں کے درمیان جاری اس طویل اور خونی تنازعے میں اب تک کم از کم 306 افراد ہلاک اور 49 لاپتہ ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں شہری بے گھر ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ماہرین اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت میں اقلیتوں کی تشویشناک صورتحال اور منی پور میں جاری اس منظم نسلی تشدد پر بارہا گہری تشویش کا اظہار کر چکی ہیں۔