فیصل آباد کو الگ صوبہ بنایا جائے، تاجر برادری کا مطالبہ

فیصل آباد کو الگ صوبہ بنایا جائے، تاجر برادری کا مطالبہ

Sep 14, 2026|ویب ڈیسک

نظام کی تبدیلی ناگزیر، تاجروں کا فیصل آباد صوبے کا مطالبہ


فیصل آباد: تاجر برادری نے ملک میں معاشی استحکام، بہتر گورننس اور عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے انتظامی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے فیصل آباد ڈویژن کو الگ صوبہ بنانے کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے۔ کاروباری طبقے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بااختیار انتظامی یونٹ یا صوبائی درجہ دینے کے امکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی نئی انتظامی تبدیلی کے نفاذ سے قبل فیصل آباد کو صوبائی حیثیت دی جائے۔


تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دہائیوں سے حکومتیں اور سیاسی چہرے بدلتے رہے مگر عوامی، شہری اور ضلعی مسائل جوں کے توں برقرار رہے۔ پاکستان کے ساتھ آزاد ہونے والی اقوام ترقی کی راہ پر کہیں آگے نکل گئیں، جبکہ ہم فرسودہ انتظامی ڈھانچے اور ناکامیوں کے باعث پسماندگی کا شکار رہے۔


تاجر برادری نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ محض قیادت کی تبدیلی سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ موجودہ نظام میں بنیادی اور انقلابی اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ گڈ گورننس کے لیے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا اور انتظامی یونٹس کو زیادہ بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فیصل آباد ڈویژن کو صوبے کا درجہ ملنے سے نہ صرف خطے کے عوام کو مؤثر نمائندگی ملے گی بلکہ دیرینہ مسائل بھی فوری طور پر حل ہو سکیں گے