پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے پر تعمیراتی کام تیز کر دیا گیا
وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کے عوام کی سہولت کے لیے شروع کیے گئے اہم منصوبے پشاور ناردرن بائی پاس پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے تعمیراتی کام کی رفتار تیز کر دی ہے۔
من منصوبے کی مجموعی پیش رفت کے مطابق ناردرن بائی پاس کے پیکیج ون کا تعمیراتی کام 100 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ چارسدہ روڈ فلائی اوور پر 25 فیصد، پیکیج ٹو پر 79 فیصد، پیکیج تھری اے پر 82 فیصد اور پیکیج تھری بی پر 75 فیصد کام پایۂ تکمیل تک پہنچ چکا ہے۔
فی الوقت چارسدہ روڈ فلائی اوور پر ریٹیننگ وال کی بنیادوں میں کنکریٹ ڈالنے اور پل کی شٹرنگ کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی پیکیج ٹو کے شولڈرز پر سب بیس میٹریل بچھانے اور ریٹیننگ وال کی اسٹیل فکسنگ کی جا رہی ہے، جبکہ پیکیج تھری اے میں پل نمبر 3 پر حفاظتی تعمیراتی کاموں کی شٹرنگ جاری ہے۔
دوسری جانب، پیکیج تھری بی میں ناصر باغ کے قریب سڑک کی سب گریڈ تیاری اور سب بیس میٹریل بچھانے کا عمل جاری ہے، جس کے ساتھ ساتھ سات اسپین پر مشتمل پل کے ٹرانسمز کی شٹرنگ اور اسٹیل فکسنگ پر بھی کام تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس اہم منصوبے کی حتمی تکمیل کی مقررہ تاریخ 31 جنوری 2027 طے کی گئی ہے۔