کیڈٹ کالج جیکب آباد کا افتتاح، پاک فوج کا تعلیمی اقدام
معیاری تعلیم کے فروغ کیلیے کیڈٹ کالج جیکب آباد فعال
جیکب آباد: سندھ کے دور افتادہ علاقوں میں معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی کردار سازی کے سلسلے میں پاک فوج اور حکومت سندھ کی مشترکہ کاوشوں سے قائم کردہ کیڈٹ کالج جیکب آباد کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ ادارے کا افتتاح چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) پنوعاقل گیریژن نے ایک پروقار تقریب میں کیا۔
شاندار افتتاحی تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور نامور تعلیمی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ادارے میں طلبہ کو جدید دور کے سائنسی و تکنیکی تقاضوں کے مطابق تعلیم دینے کے لیے جدید کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
کالج کی تعمیر کا آغاز 2023 میں ہوا تھا، جبکہ اس کا پہلا باضابطہ تعلیمی سیشن 15 ستمبر 2026 سے شروع ہو رہا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ششم اور ہفتم جماعت کے 120 کیڈٹس کو ادارے میں داخلہ دیا گیا ہے۔ دفاعی و تعلیمی ماہرین نے کیڈٹ کالج کے قیام کو صوبے کے دور دراز علاقوں کے باصلاحیت نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے