: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 71 دہشت گرد ہلاک

: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 71 دہشت گرد ہلاک

Sep 28, 2026|ویب ڈیسک

بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب اور مؤثر کارروائیاں لائقِ تحسین ہیں، جن کے نتیجے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کیا۔


بابر یوسفزئی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شعبان، زیارت، نوشکی اور مند میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے بڑی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فورسز نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ امن دشمنوں کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


معاون برائے داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود کی برآمدگی فورسز کی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر انٹیلی جنس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ حکومت اور عوام سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ریاست امن کے دشمنوں کو مکمل طور پر نیست و نابود کرنے کے لیے پرعزم ہے