آزاد کشمیر میں توانائی اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ تعاون پر اتفاق
مظفرآباد: آذربائیجان اور ترکی نے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ توانائی، آبی وسائل، تعلیم، ماحولیات اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ترک کاپی کے سی ای او اور آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس کے صدر عدیل شجاع بٹ کی سربراہی میں ایک وفد نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے وزیر توانائی و آبی وسائل راجہ ثاقب مجید سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد نے راجہ ثاقب مجید کو وزارت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عدیل شجاع بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور آذربائیجان کی حکومتوں اور عوام کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مشترکہ لائحہ عمل سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
صوبائی وزیر راجہ ثاقب مجید نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سہ فریقی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سید افتخار حسین گیلانی کی قیادت میں آزاد کشمیر حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں آزاد کشمیر حکومت نے اپنا 100 روزہ ایجنڈا تیار کر کے اس پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور آذربائیجان کے ساتھ مضبوط معاشی، ثقافتی اور سماجی روابط قائم کر کے تعاون کے نئے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جائے گا۔
اس اہم ملاقات میں ممبر ضلع کونسل مظفرآباد راجہ نبیل آزاد اور معروف سماجی و سیاسی رہنما محمد ندیم کھوکھر بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔