بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہر جگہ نشانہ بنائیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر
راولپنڈی (نیوز ڈیسک): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو انسدادِ دہشت گردی کے جاری آپریشنز، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔ پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ہر قسم کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہنے اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بھرپور مہم بلا تعطل جاری رکھی جائے گی اور یہ دہشت گرد جہاں کہیں بھی ہوں، ان پر کاری ضرب لگائی جائے گی۔
عوام اور سکیورٹی فورسز کے شہداء و غازیوں کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل و عبرتناک شکست دے گا۔