کراچی میں تئیسویں بین الاقوامی ہیلتھ ایشیا نمائش کا باقاعدہ افتتاح
ہیلتھ ایشیا نمائش شروع، جدید عالمی طبی ٹیکنالوجی پیش کی گئی
کراچی: پاکستان کی سب سے بڑی 23 ویں بین الاقوامی ہیلتھ ایشیا ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کراچی میں ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اس بین الاقوامی ایونٹ کا افتتاح کیا۔ نمائش کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے نے وزارتِ قومی صحت اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے باہمی اشتراک سے کیا ہے۔
اس تین روزہ نمائش میں چین، جاپان، جنوبی کوریا اور تائیوان سمیت مختلف ممالک کے وفود، قونصل جنرلز اور معروف طبی کمپنیوں نے بھرپور شرکت کی، جہاں تشخیصی، جراحی اور جدید ترین میڈیکل آلات و ٹیکنالوجی کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
ایکسپو میں شریک شہریوں اور ماہرین نے اس تقریب کو انتہائی سودمند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں عوام میں جدید علاج اور صحت سے متعلق آگاہی کا مؤثر ذریعہ بنتی ہیں۔ شرکاء کے مطابق اس طرز کے بین الاقوامی پروگرام ملکی ہیلتھ سیکٹر میں بیرونی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ریونیو کے نئے مواقع پیدا کریں گے، جبکہ ملک میں جدید سہولیات کی مقامی دستیابی سے شہریوں کو علاج کی غرض سے بیرونِ ملک جانے کی ضرورت میں واضح کمی واقع ہوگی