جنگ ستمبر کا 20 واں دن، زمینی و فضائی محاذ پر برتری برقرار
ستمبر 1965 کی پاک بھارت جنگ کے بیسویں روز مسلح افواجِ پاکستان نے تمام محاذوں پر جارحانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے بھارتی افواج پر اپنی مکمل برتری برقرار رکھی۔
سیالکوٹ جموں سیکٹر میں پاک فوج نے پیش قدمی کرتے ہوئے بھارتی مقبوضہ علاقوں پر پے در پے مؤثر حملے کیے۔ واہگہ اٹاری سیکٹر میں پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے مزید 12 ٹینک تباہ کیے، جس کے ساتھ ہی جنگ میں تباہ ہونے والے مجموعی بھارتی ٹینکوں کی تعداد 494 تک جا پہنچی۔ ادھر راجستھان اور اکھنور سیکٹرز میں پاکستان کے توپ خانے نے زبردست اور درست گولہ باری کر کے بھارتی توپوں کو مکمل طور پر خاموش کرا دیا۔
فضائی محاذ پر پاک فضائیہ نے ناقابلِ تسخیر شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مزید 4 جنگی طیارے مار گرائے، جس سے بھارت کے تباہ شدہ طیاروں کی مجموعی تعداد 110 ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی پاک فضائیہ کے شاہینوں نے انبالہ، جودھ پور، جموں، جام نگر اور ہلواڑہ کے ہوائی اڈوں اور فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنا کر بھارتی ایئرفورس کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔
دوسری جانب پاک بحریہ نے بحرِ ہند میں اپنا مکمل غلبہ اور دبدبہ قائم رکھا، جس کے باعث بھارتی جنگی جہاز بندرگاہوں تک محدود ہو کر رہ گئے