بھارت میں بے روزگاری کا بحران، مودی سرکار کے دعوے بے نقاب

بھارت میں بے روزگاری کا بحران، مودی سرکار کے دعوے بے نقاب

Sep 14, 2026|ویب ڈیسک

ڈگریاں بے کار، مودی دور میں بھارتی نوجوان روزگار سے محروم


نئی دہلی: بھارت میں مودی حکومت کے دور میں روزگار کے بدترین بحران نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے، جس کے باعث بی جے پی کی نام نہاد معاشی ترقی کے دعوؤں کی قلعی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری کے باعث نوجوان شدید مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔


عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ملازمت کے متلاشی بھارتی نوجوان ابھی گپتا درجنوں انٹرویوز دینے کے باوجود تاحال روزگار حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔ ابھی گپتا کا کہنا ہے کہ ان کا پورا دن صبح سے شام تک صرف نوکری کی تلاش میں گزر جاتا ہے۔ تین سالہ تکنیکی ڈگری حاصل کرنے کے باوجود کوئی مناسب کام نہیں مل رہا، جبکہ شعبہ ٹیکنالوجی میں زیادہ عرصے کا تعطل ڈگری کی عملی قدر و قیمت کو بھی ختم کر دیتا ہے۔


معروف لیبر اکنامسٹ روزا ابراہم نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی دباؤ کے باعث مجبوری میں کیا جانے والا کام انسان سے اس کا وقار اور زندگی کا بنیادی مقصد چھین لیتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے سبب تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل پر سنگین سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔