تھائی لینڈ: پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام 61 ویں یومِ دفاع و شہداء کی پروقار تقریب

تھائی لینڈ: پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام 61 ویں یومِ دفاع و شہداء کی پروقار تقریب

Sep 12, 2026|ویب ڈیسک


بینکاک: تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام 61 ویں یومِ دفاع و شہداء کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جسے روایتی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

تقریب میں تھائی حکام، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، ڈیفنس اتاشیوں، صحافیوں، کاروباری شخصیات اور وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے بہادر شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں، شجاعت اور پختہ عزم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

شرکاء کو یومِ دفاع اور پاک فوج کی قربانیوں کے حوالے سے ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ تقریب کو مزید یادگار بنانے کے لیے روایتی پاکستانی کھانے پیش کیے گئے۔

اس قومی تقریب کے دوران شرکاء نے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کی تجدید کی۔