قومی ٹاسک فورس کا اجلاس: نئی انسدادِ پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان
قومی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کے ایک اہم اجلاس میں ملک گیر پولیو مہم کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، انسدادِ پولیو پروگرام کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق اور نجی شعبے کے نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ برس پولیو کے 30 سے کم کیسز سامنے آئے تھے جبکہ رواں سال یہ تعداد کم ہو کر اب تک صرف 4 رہ گئی ہے، جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک بچے کا پولیو وائرس سے متاثر ہونا دیگر بچوں میں بھی اس مہلک بیماری کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب کوئی بچہ پولیو کا شکار ہوتا ہے تو اس کے مستقبل کے تمام خواب ادھورے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ جب پولیو ورکرز ان کے دروازے پر دستک دیں تو اسے ہرگز نظرانداز نہ کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں۔
احسن اقبال نے مزید بتایا کہ حکومت صحت اور معاشرتی شعور بیدار کرنے کے لیے جامعات کے 10 لاکھ نوجوانوں کو متحرک کر رہی ہے۔ انہوں نے پولیو کے مکمل خاتمے کی جدوجہد میں نجی شعبے، صوبائی حکومتوں اور پولیو ورکرز کی انتھک خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین بھی پیش کیا