کراچی پورٹ اور پپری ریلوے لنک کی بحالی: 52 کلومیٹر طویل ڈوئل ٹریک بچھانے کا فیصلہ
کراچی: وزیر اعظم ٹاسک فورس کی اصلاحات کے تحت ملک میں کارگو کی ترسیل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور پپری ریلوے لنک کی بحالی کا بڑا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔
اس میگا پراجیکٹ کے تحت 52 کلومیٹر طویل مخصوص ڈوئل ٹریک ریلوے لائن بچھائی جائے گی، جس کا مقصد ریلوے اور بندرگاہی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ نئے ریلوے لنک کے ذریعے بندرگاہوں سے کنٹینرز ٹرینوں کے ذریعے لاجسٹکس پارک لائے جائیں گے، جہاں سے انہیں ٹریلرز کے ذریعے ملک کے دیگر حصوں (اپ کنٹری) روانہ کیا جائے گا۔
منصوبے کی تفصیلات کے مطابق، کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کو لاجسٹکس پارک سے جوڑنے کے لیے 1.5 کلومیٹر کا ایک اور مخصوص ریلوے لنک بھی تعمیر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، ٹریفک کی روانی کو بلاتعطل رکھنے کے لیے اس روٹ پر 25 بڑے ریلوے اور سڑکوں کے پل جبکہ 6 فلائی اوورز و گریڈ سیپریٹرز بنائے جائیں گے۔
حفاظتی معیار کو یقینی بنانے کے لیے ٹریک کے اطراف 100 فیصد باڑ لگائی جائے گی، جبکہ ٹرینوں کی محفوظ اور خودکار آمدورفت کے لیے جدید سینٹرلائزڈ آٹو میٹک سگنلنگ سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔